5 سال میں 5 لاکھ خاندانوں کو گھر دیں گے: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ 5 سال میں 5 لاکھ خاندانوں کو گھر دیں گے، منصوبے کے تحت 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرض دیا جائے گا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز مسکن راوی ہاؤسنگ سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے/فائل فوٹو
کالا شاہ کاکو: (سنو نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مستحق اور نادار افراد کو 3 مرلے کا مفت پلاٹ دینے کیلئے سکیم لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 5 سال میں 5 لاکھ خاندانوں کو گھر دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسکن راوی ہاؤسنگ سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسکن راوی ہاؤسنگ سکیم پنجاب حکومت کی سکیم ہے، منصوبے کے تحت گھر ملنے والوں کو مبارک باد دیتی ہوں، نواز شریف کی سیاست خدمت کی سیاست ہے، آج 100 مستحق افراد کو گھر ملے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہر منصوبے پر نوازشریف اور مسلم لیگ ن کی مہر ہے، خواب بھی نواز شریف کے، ویژن بھی نواز شریف کا، نواز شریف کے سپاہی خدمت کی سیاست میں مصروف ہیں، ڈھائی ماہ کی قلیل مدت میں 100 گھر تیار ہوئے ہیں، ہاؤسنگ سکیم میں کم آمدن والے لوگوں کو گھر مل رہے ہیں، نواز شریف نے 45 سال اس ملک کی ترقی کو دیئے۔

انہوں نے کہا کہ ایٹم بم، موٹروے، بجلی، معیشت کی ترقی ہو نواز شریف کا نام آتا ہے، ہم نواز شریف کے سولجر کی طرح کام کر رہے ہیں، کوئی بھی منصوبہ اٹھا کر دیکھ لیں نواز شریف کی مہر ہے، نواز شریف کے ویژن اور خوابوں کو پورا کر رہے ہیں، ہر گھر 2 بیڈ روم، ایک باورچی خانہ، ایک باتھ روم، ایک صحن پر مشتمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر مکان کو آرام دہ اور محفوظ جگہ فراہم کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا، یہ سکیم ان لوگوں کیلئے امیدکی کرن ہے جو اپنے گھر کا انتظار کر رہے ہیں، عوامی فلاح کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کوشاں ہیں، زہرہ ہومز میں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی گئیں، اپنا گھر اپنی چھت سکیم کے تحت اہم اقدامات جاری ہیں، منصوبے کے تحت ایک سال میں ایک لاکھ گھر دینے کا ہدف ہے۔