شدید سردی کی لہر، سکولوں کے نئے اوقات کار جاری
File Photo
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب بھر میں شدید سردی کی لہر کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد تمام نجی اور سرکاری اسکولز آج سے دوبارہ کھل گئے تاہم بچوں اور اساتذہ کو سردی سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ تعلیم پنجاب نے نئے اوقات کار متعارف کروا دیے ہیں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق پنجاب کے تمام اسکول اب صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلیں گے جبکہ جمعہ کے دن اسکولوں کا وقت صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہوگا۔ یہ فیصلہ شدید سردی کے باعث بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم نے خصوصی بچوں کے لیے یونیفارم میں نرمی کی اجازت بھی دی ہے۔ خصوصی طلبہ کو 15 فروری تک سردی کے پیش نظر اپنی سہولت کے مطابق لباس پہننے کی اجازت ہوگی۔ یہ اقدام ان بچوں کو مزید آرام دہ ماحول فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم نے سوشل میڈیا پر چلنے والی ان خبروں کو من گھڑت قرار دیا جن میں کہا گیا تھا کہ اسکولوں کی تعطیلات میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق سردی کی شدت کے باوجود موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع نہیں کی گئی ہے۔

اساتذہ نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کو سردی سے محفوظ رکھنے کے لیے گرم کپڑوں کا استعمال یقینی بنائیں۔ اسکول آنے والے بچے تعطیلات کے بعد خوش نظر آئے اور اپنی سردی کی چھٹیاں یادگار بنانے کے تجربات شیئر کیے۔

 

محکمہ تعلیم نے والدین کو تاکید کی ہے کہ وہ اسکول ٹائم کے مطابق اپنے بچوں کی تیاری کریں اور انہیں مناسب گرم لباس مہیا کریں۔