لالی ووڈ کے عظیم فلمساز سرور بھٹی انتقال کر گئے
Mola Jatt Producer Sarwar Bhatti
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستانی فلم انڈسٹری کی شاہکار فلم "مولاجٹ" کے مشہور فلمساز سرور بھٹی دل کا دورہ پڑنے کے باعث خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

ان کے انتقال کی خبر نے فلمی دنیا سمیت ہر شعبہ زندگی کے افراد کو غمزدہ کر دیا ہے۔ 

خاندانی ذرائع کے مطابق سرور بھٹی کو رات سانس رکنے کی شکایت پر اسپتال لے جایا گیا،جہاں دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔

 واضح رہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد از نماز عشاء داتا دربار میں ادا کی جائے گی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت متوقع ہے۔ 

خیال رہے کہ سرور بھٹی کا شمار پاکستانی فلمی صنعت کے نمایاں ناموں میں ہوتا تھا۔ ان کی سب سے مشہور تخلیق "مولاجٹ" نے نہ صرف باکس آفس پر ریکارڈ قائم کیے بلکہ اسے پاکستانی سینما کی تاریخ میں ایک کلاسک مقام حاصل ہے۔ ان کی پروڈکشن اور کہانی سنانے کی مہارت نے پاکستانی فلمی صنعت کو ایک نئی جہت دی ہے۔ 

سرور بھٹی کے انتقال پر ان کے دوستوں، عزیزوں اور فلم انڈسٹری کے ساتھیوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کی موت پاکستانی فلمی دنیا کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ 

اس افسوسناک خبر کے بعد شائقین اور فلمی دنیا کے لوگوں کا کہنا ہے کہ سرور بھٹی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور "مولاجٹ" جیسی فلم ان کے نام کو ہمیشہ زندہ رکھے گی۔