
عدالتی حکم کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی سے حلف لیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گورنر ہاؤس میں اراکین اسمبلی کی حلف برداری پر عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گورنرہاؤس میں اراکین اسمبلی کی حلف برداری غیر آئینی ہے، آئین کے مطابق حلف صرف اسمبلی فلور پر ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپیکر نے حلف لینے سے انکار نہیں کیا، کورم پورا نہ ہونے پر اسمبلی اجلاس ملتوی کیا گیا، آج اجلاس طلب کیا تھا، وزیراعلیٰ اور سپیکر نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی ہے، گورنر ہاؤس میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین کی حلف برداری عدالت میں چیلنج کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخاب، ناراض امیدواروں کیخلاف کارروائی ہو گی، علی امین گنڈاپور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہماری قانونی ٹیم نے اس حوالے سے رٹ پٹیشن مکمل کر لی ہے، آج تعطیل کے باعث ہائیکورٹ نے وصول نہیں کی، کل عدالت میں درخواست دائر کریں گے۔
ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمان خیل نے اس حوالے سے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 65 ممبران اسمبلی سے حلف اسمبلی ہاؤس میں لینے کا کہتا ہے، 24 جولائی کو اسمبلی اجلاس ہے، ایسے میں گورنر ہاؤس میں ممبران سے حلف نہیں لیا جاسکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں پر ممبران کے گورنر ہاؤس میں حلف کو عدالت میں چیلنج کررہے ہیں اور وزیراعلیٰ کی طرف سے کل پشاور ہائیکورٹ میں گورنر کے غیر آئینی اقدام کے خلاف درخواست دائر کی جائے گی۔