پی ٹی آئی کا ناراض امیدواروں کی ضد پر اپوزیشن سے ٹکر کا فیصلہ
PTI Senate elections
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹ انتخابات میں ناراض امیدواروں کی جانب سے دستبرداری سے انکار کی صورت میں اپوزیشن کا سامنا کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق اگر ناراض امیدواروں نے اتوار سے پہلے کاغذات نامزدگی واپس نہ لیے تو حکومت اور اپوزیشن کے درمیان طے پانے والا 5 سے 6 نشستوں کا معاہدہ ختم ہو جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ناراض امیدواروں کو منانے کیلئے دو اہم میٹنگز ہو چکی ہیں، پہلی میٹنگ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور امیدواروں نے شرکت کی جبکہ دوسری میٹنگ ویڈیو کال پر ہوئی، جس میں ناراض امیدوار شریک نہیں ہوئے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ یہ معاملہ پارٹی کی پولیٹیکل کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جس نے پارلیمانی پارٹی کے فیصلے کی توثیق کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سینیٹ الیکشن: کاغذاتِ نامزدگی واپس نہیں لیں گے، عرفان سلیم

 

 

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے نامزد امیدواروں کی 6 نشستیں لینے کا فیصلہ برقرار رہے گا، اور بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن کی پالیسی پر بھی عمل ہوگا۔

دوسری جانب ناراض امیدوار عرفان سلیم کا کہنا ہے کہ پولیٹیکل کمیٹی کے فیصلے پر فوری عمل نہیں کریں گے، بلکہ پارٹی کارکنان سے مشاورت کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اگر ناراض امیدوار کاغذات واپس نہ لیں تو ان کیخلاف ممکنہ کارروائی کا فیصلہ بھی زیر غور ہے۔