پاک فضائیہ کو دنیا کے سب سے بڑے ملٹری ایئر شو میں بڑے اعزازات حاصل
PAF achievements
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ایئر فورس (PAF) نے دنیا کے سب سے بڑے ملٹری ایئر شوز میں سے ایک رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو (RIAT) 2025 میں دو بین الاقوامی اعزازات اپنے نام کر لیے۔

 

تفصیلات کے مطابق یہ ایئر شو 18 سے 20 جولائی تک برطانیہ کے RAF فیئر فورڈ میں جاری ہے۔ پاک فضائیہ کے تاریخی C-130H ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارے نے اپنی شاندار پیشکش اور منفرد ڈیزائن کے باعث کونکوغ دِیلیگانس ٹرافی (Concours d’Elegance Trophy) جیت لی جو کہ شو کا ایک نہایت معتبر اعزاز سمجھا جاتا ہے۔

مزیدبرآں جدید ترین JF-17 تھنڈر بلاک-III لڑاکا طیارے نے اسپِرٹ آف دی میٹ ٹرافیSpirit of the Meet Trophy حاصل کی۔ یہ ٹرافی طیارے کے متاثر کن رنگ و انداز، غیرمعمولی کارکردگی اور فضا میں ایندھن بھرنے کے ساتھ نان اسٹاپ پرواز پر دی گئی جسے عالمی سطح پر پاکستان کی فضائی صلاحیتوں کی اعلیٰ نمائندگی کے طور پر سراہا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی لڑاکا طیارہ کی پہلی بار برطانیہ کے عسکری ایئر شو میں شرکت

واضح رہے کہ PAF کے دونوں طیاروں  C-130 اور JF-17 پر مشتمل وفد نے RAF فیئر فورڈ میں لینڈنگ سے قبل ایک تکنیکی طور پر مشکل ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ (فضا میں ایندھن بھرنے) کا کامیاب آپریشن مکمل کیا۔

یاد رہے کہ یہ سالانہ ایونٹ دنیا بھر سے فوجی طیاروں اور ان کے عملے کو اکٹھا کرتا ہے اور گزشتہ پچاس برسوں سے ہوابازی کی دنیا میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ RIAT کا مقصد رائل ایئر فورس چیریٹیبل ٹرسٹ کی معاونت بھی ہے۔