مشتاق احمد ایک بار پھر بنگلا دیشی سپنرز کے کوچ مقرر
Mushtaq Ahmad
لاہور:(ویب ڈیسک) بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کیلئے پاکستان کے سابق لیگ سپنر مشتاق احمد کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

مشتاق احمد کو جنوبی افریقا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے بنگلا دیش ٹیم کا سپن بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔اس سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 21 اکتوبر 2024 سے شروع ہوگا۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے آپریشنز مینیجر شہریار نفیس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے  کہ مشتاق احمد کی خدمات سیریز بائی سیریز بنیاد پر لی جائیں گی،یعنی وہ جب بھی دستیاب ہوں گے ٹیم کے ساتھ اپنی خدمات پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ مشتاق احمد کے بنگلا دیشی کرکٹ کے ساتھ کام کرنے کا یہ پہلا موقع نہیں ہے،وہ اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر ٹیم کے سپن بولنگ کوچ کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

رواں سال اگست میں پاکستان کے دورے کے دوران بھی مشتاق احمد بنگلا دیش ٹیم کے ساتھ موجود تھے اور اس دورے میں بھی انہوں نے سپن بولنگ کوچ کی اپنی ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔ان کی کوچنگ میں بنگلا دیشی سپنرز نے خاصی بہتری دکھائی ہے، جس کی وجہ سے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر ان کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

خیال رہے کہ مشتاق احمد کا شمار دنیا کے بہترین لیگ سپنرز میں ہوتا ہے۔اپنے کھیل کے دنوں میں وہ اپنی گھومتی ہوئی گیندوں کیلئے کافی جانے جاتے تھے۔ان کی بولنگ نے پاکستان کو کئی اہم فتوحات دلائیں۔

بعد ازاں انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی کوچنگ کے سفر کا آغاز کیا اور مختلف ٹیموں کے ساتھ کام کرتے ہوئے اہم کامیابیاں سمیٹیں۔وہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ بھی سپن بولنگ کوچ کے طور پر اپنی خدمات دے چکے ہیں۔