
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ پاک بھارت کشیدگی کو دیکھتے ہوئے حفاظتی تدابیر کے طور پر پنجاب بھر میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر میں بھی احتیاطی اقدامات کے طور پر ضلع پونچھ، مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
ذہن نشین رہے کہ پاکستان کے بزدل اور ازلی دشمن بھارت کی جانب سے پاکستان کے پانچ مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے گئے، جن میں سویلین آبادی اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے پریس بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے کوٹلی، احمدپور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مرید کے کو نشانہ بنایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق احمدپور شرقیہ (بہاولپور) میں مسجد سبحان اللہ پر بھارتی میزائل حملہ کیا گیا، جس میں سویلینز کو بزدلانہ طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب حملوں کے بعد پاکستان نے اپنی ایئراسپیس کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے، اور تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئراسپیس کو 48 گھنٹوں کیلئے بند کیا گیا، اور اس سلسلے میں نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حکام نے شہریوں سے پرامن رہنے اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔