بابر اعظم کرکٹ پر توجہ دیں:سابق کپتان
Yunas Khan and Babar Azam
کراچی:(سنو نیوز)سابق کپتان یونس خان کا کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو چاہیے کہ وہ کپتانی کی بجائے اپنے کھیل پہ توجہ دیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کو اپنی ورتھ کا اندازہ ہونا چاہئے،مجھے ایسا لگتا ہے پی سی بی میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو پی سی بی کی اہمیت کا علم ہی نہیں ہے،اچانک فیصلے ہوجاتے ہیں اور کوچز بھی تعینات ہوجاتے ہیں ،اب تو ہم سوچ رہے ہیں کے کہیں ہماری کرکٹ ختم ہی نا ہوجائ۔

انہوں نے کہا کہ میں بڑا حیران ہوں کہ ٹماٹر سبزی  والے کو پتہ ہے کہ کپتان کس کو اور کہاں ہونا چاہئے،اگر کوئی اچھا نہیں ہے تو اسکو اس جگہ نہیں ہونا چاہئے۔

محسن نقوی کے بارے میں انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ  چیئرمین پی سی بی کو اپنے مشیروں پر غور کرنا ہوگا،ان کی نیت پر شک نہیں کیا جاسکتا، وہ کرکٹ کو بہتر کرنے کی بہت کوششیں کررہے ہیں۔

یونس خان نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ نے  بھی کھلاڑیوں کو سنبھالا ہے ،میں خود یو بی ایل کی وجہ سے کرکٹ کھیل سکا، پی سی بی کو چاہیے کہ وہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے لئے کام کرے،لیگ سے بھی کرکٹ کو فائدہ ہوا ہے

انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو دیکھ کر لگتا ہے کہ میں موئن جو داڑو میں رہتا ہوں، کراچی کے انفراسٹرکچر پر کوئی توجہ نہیں دے رہا،یہاں غلط ڈرائیونگ کا کلچر بن گیا ہے،جیسا شہر کو آج دیکھ رہا ہوں پہلے کبھی نہیں دیکھا،یہ ہمارا کراچی ہے اسے ہم نے ہی ٹھیک کرنا ہے،یہاں شہر میں ہر 6 ماہ میں سڑک بنتی اور ٹوٹتی ہے۔

سابق کپتان نے بابر اعظم کے بارے میں بات کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ  بابر اعظم کرکٹ پر توجہ دیں،وہ پہلی بار کارکردگی کی بنیاد پرہی کرکٹ ٹیم کے کپتان بنے،بابر اعظم کپتانی سے باہر نکلیں پاکستان کے لئے کھیلیں شروع کریں۔

یونس نے مزید کہا کہ ہمارے کھلاڑی بولتے بہت زیادہ اور کھیلتے کم ہیں،بولنا ریٹائرڈ کھلاڑیوں کا کام ہے۔

 

 پاکستان اور بنگلادیش کی سیریز پر بات کرتے ہوئے وہ بولے کہ ہمیں اس شکست سے سیکھنا چاہیے۔