برطانیہ فسادات کیس میں گرفتار ملزم بری
August, 26 2024
لاہور:(سنو نیوز)لاہور کی ایک جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے برطانیہ میں فسادات کے سلسلے میں فیک نیوز کے الزام میں گرفتار کیے گئے فرحان آصف کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کر دیا۔
عدالتی کارروائی کے دوران ملزم کی ہتھکڑیاں عدالت کے اندر ہی کھول دی گئیں۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ فرحان آصف کی جانب سے شیئر کی جانے والی خبر پہلے ہی مختلف ذرائع سے پھیل چکی تھی، اور تحقیقات کے بعد اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ ملزم نے فسادات کو بھڑکانے کی نیت سے یہ خبر شیئر کی تھی۔
بڑی خبر۔۔
— Shakir Mehmood Awan (@ShakirAwan88) August 26, 2024
ضلع کچہری لاہوربرطانیہ میں فیک خبر سے ہنگاموں کا معاملہ،،،عدالت نے فرحان آصف کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا،،،،عدالت نے فرحان آصف کی ہتھکڑی کھولنے کا حکم دے دیا،،عدالتی حکم پر فرحان آصف کی ہتھکڑی کمرہ عدالت میں کھول دی گی،،جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایف آئی اے کی استدعا پر فیصلہ سنا… pic.twitter.com/VgFTqHlHJD
عدالت نے تفتیش کے دوران پوچھا کہ ملزم نے یہ خبر کس کے ساتھ شیئر کی تھی اور کب اسے حذف کیا گیا تھا۔ اس پر فرحان آصف نے بتایا کہ خبر کو شیئر کرنے کے تقریباً 6 گھنٹے بعد انہوں نے اسے حذف کر دیا تھا۔
کارروائی مکمل ہونے پر عدالت نے فرحان آصف کی بریت کی درخواست منظور کر لی اور انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ فرحان آصف کو برطانیہ میں مبینہ طور پر فیک نیوز کے ذریعے فسادات پھیلانے کے الزام میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا گیا تھا اور ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں آج عدالت نے عدم ثبوت کی بنا پر انہیں بری کر دیا۔