وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے نجی ٹی وی پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے اپنے لوگ مختلف باتیں کر رہے ہیں، عمر ایوب ایک بات کرتے ہیں تو شیر افضل مروت کوئی دوسری بات کہہ دیتے ہیں، پی ٹی آئی مختلف گروپس میں تقسیم ہوچکی ہے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت میں وزراء ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں، جے یو آئی ف سے اتحاد نہ بننے کی ذمہ دار پی ٹی آئی خود ہے، ہم سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں، مولانا فضل الرحمان سے بات چیت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت بنانے سے پہلے پی ٹی آئی کو حکومت بنانے کی دعوت دی تھی لیکن انہوں نے اسے قبول نہیں کیا، اس کے علاوہ خورشید شاہ نے بھی پی ٹی آئی کو حکومت بنانے کے لئے مکمل حمایت کا یقین دلایا، پیپلزپارٹی کے ندیم افضل چن چھوٹا گروپ بنا کر پی ٹی آئی کے پاس گئے اور انہیں حکومت بنانے کی پیشکش کی۔
جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری فوج کا اندرونی معاملہ ہے، جب ان پر مقدمہ درج ہوگا تو تمام تفصیلات سامنے آ جائیں گی، فوج میں ایک بات واضح کر دی گئی ہے کہ آپ سیاست نہیں کرسکتے۔