
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کانگریس کے دو اراکین جوولسن اور آگسٹ پفلوگر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے سیکرٹری سٹیٹ مارکو روبیو کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے عمران خان کی رہائی کیلئے اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔
دونوں اراکین کانگریس نے سیکرٹری سٹیٹ کو لکھے گئے خط میں کہا کہ عمران خان کو سیاسی بنیادوں پر الزامات عائد کر کے جیل میں رکھا گیا ہے، 2022 میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کی حکومت کی برطرفی پاکستان میں جمہوریت کو معطل کرنے کے مترادف ہے۔
کانگریس اراکین نے خط میں عمران خان کی قید کے پاک امریکا تعلقات پر پڑنے والے اثرات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں، ان کی رہائی پاک امریکا تعلقات میں نیا موڑ ثابت ہوگی، عمران خان بھی ٹرمپ کی طرح عدالتی زیادتی کا شکار ہیں۔
امریکی اراکین کانگریس نے خط میں کہا کہ عمران خان کیساتھ دیگر سیاستدانوں کی طرح سلوک ہونا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کو سیاسی نکتہ نظر کی وجہ سے جیل میں نہیں ہونا چاہیے۔
خط میں دونوں اراکین کانگریس نے سیکرٹری سٹیٹ سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی، انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی، آزاد صحافت، اجتماع کی آزادی اور آزادی اظہار رائے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کریں اور عمران خان کی رہائی کیلئے فیصلہ کن اقدامات کریں۔