لیگی صدر میاں نواز شریف سیاسی میدان میں متحرک
Nawaz Sharif President Of PMLN
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف ایک بار پھر سیاسی میدان میں متحرک ہو گئے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق لیگی صدر میاں نواز شریف سے پارٹی رہنماؤں نے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں ملاقات کی، سیکرٹری جنرل احسن اقبال، انجینئر امیر مقام ، انوشہ رحمان اور کیپٹن (ر) صفدر ملاقات کرنیوالوں میں شامل تھے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات کے دوران پارٹی امور بھی زیر بحث آئے، سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال نے میاں نواز شریف کو پارٹی امور پر بریف کیا۔

پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات کے دوران صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے نارووال میں ہونیوالے کامیاب جلسے کو سراہا اور مقامی قیادت کو شاباش دی، ملاقات میں رمضان المبارک کے بعد مختلف شہروں میں ن لیگ کے جلسوں کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی۔

صدر مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے گلگت بلتستان انتخابات بارے میاں نواز شریف کو بریفنگ دی، خیبرپختونخوا کے رہنماؤں نے پارٹی قائد کو خیبرپختونخوا کے اضلاع کا دورہ کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے پارٹی قیادت کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے اور حکومت کی ایک سالہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھنے کی ہدایت کی ہے۔