عمران خان عوامی طاقت پر یقین رکھتے اس لیے جیل میں ہیں: بیرسٹر گوہر
Barrister Gohar chairman PTI
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان عوامی طاقت پر یقین رکھتے ہیں اس لئے جیل میں ہیں۔

اسلام آباد میں اپوزیشن گرینڈ الائنس کی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عوام کی خاطر ہی خط لکھا تھا وہ بطور سابق وزیراعظم عوامی مسائل کے حوالے سے خط لکھ سکتے ہیں، ہم اپنے لیے کچھ نہیں مانگ رہے، ہم صرف ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں گرینڈ اپوزیشن الائنس کی قومی کانفرنس کی اجازت نہیں دی جارہی تھی، آج یہاں جو کچھ ہوا ہے تحریک انصاف دو سالوں سے ایسے حالات کا سامنا کررہی ہے، ملک میں سیاسی جماعتوں کی تعداد 175 ہے لیکن کسی نے تحریک انصاف کیساتھ ناروا سلوک کیخلاف آواز نہیں اٹھائی، تمام سیاسی جماعتوں کو مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنا ہو گا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم پاور شیئرنگ پر یقین نہیں رکھتے، عمران خان عوامی طاقت پر یقین رکھتے ہیں اسی لیے آج وہ جیل میں ہیں، ہم نے بانی سے مشاورت کر کے ہی مذاکرات کا اعلان کیا تھا لیکن حکومت نے مذاکرات سے فرار اختیار کیا، عمران خان نے محمود اچکزئی کو تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا اختیار دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں واضح طور پر لکھا ہے کہ حکومت کی مدت پانچ سال ہوگی مگر یہ بھی لکھا ہے کہ ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے دوبارہ انتخابات کرائے جاسکتے ہیں، ہم ملک میں صرف قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔

26ویں ترمیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ 26ویں ترمیم کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان کا کردار قابل تعریف تھا، ترمیم کے حوالے سے مولانا الرحمان سے کسی شق پر مشاورت نہیں ہوئی، 26ویں ترمیم پر مولانا نے کہا تھا کہ میں ووٹ کروں گا کچھ مجبوریاں ہیں۔