ایک ادارہ بار بار پارلیمنٹ میں مداخلت کر رہا ہے: بلاول بھٹو
Chairman Pakistan People's Party Bilawal Bhutto speaking in the National Assembly
اسلام آباد: (سنو نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے تو اس ایوان میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، ہم ایک دوسرے کو چور کہہ رہے ہیں، ایک ادارہ بار بار پارلیمنٹ میں مداخلت کر رہا ہے، اداروں کو ایک دوسرے کی حدودو قیود میں مداخلت سے گریز کرنا ہوگا۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں، ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ آئندہ اولمپکس میں زیادہ تمغے جیتے جائیں، آج کل ملک میں نفرت کی سیاست سب سے اوپر ہے، اس شہر میں بیوروکریسی کی بٹالین موجود ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ طاقتور لوگ اور سیاستدان سب اسی شہرمیں ہیں، جب سے یہ شہر بنا جو کام کرنے چاہیے وہ نہیں کیے، دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے تو اس ایوان میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، ہم ایک دوسرے کو چور کہہ رہے ہیں، اداروں کو ایک دوسرے کی حدودو قیود میں مداخلت سے گریز کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 3 نسلوں کی جدوجہد کے بعد بھٹو کیس پر انصاف ملا، پوری دنیا نے دیکھا حسینہ واجد کو کیسے عہدہ چھوڑنا پڑا، ہماری عدلیہ سموسے اور ٹماٹر کی قیمتیں بھی طے کرسکتی ہے، دنیا بھر میں کوئی جوڈیشری ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتی، اپوزیشن لیڈر بتائیں کیا میں نے آپ کا بلا چھینا تھا ؟ عدالت نے کہا تھاپی ٹی آئی نے پارٹی الیکشن میں دھاندلی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی الیکشن مہم کا سر تھا نہ پاؤں، عین وقت میں فائدہ دیا گیا، پاکستانی سیاسی کارکن بنگلہ دیش کے حالات پر بہت غور کر رہے ہیں، ہمیں ملک کے اصل مسائل کی طرف توجہ دینا ہوگی، عدالتی فیصلے نے مردہ سیاسی جماعت کو سیاسی فائدہ دیا، الیکشن مہم کے دوران عدالتی فیصلے کے سیاسی اثرات بھی تھے، اب کہا جا رہا ہے اصل میں ہم نے یہ کہا ہی نہیں، جو ایک سیاسی جماعت نے مانگا بھی نہیں وہ ان کوعدلیہ نے دیا۔