190 ملین پاؤنڈ کیس ختم ہو جائے گا،علیمہ خان کا بڑا دعویٰ
Ex prime minister of Pakistan and founder of PTI Imran Ahmad Khan Niazi
سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان
لاہور:(ویب ڈیسک)بانئ چئیرمین پاکستان تحریک انصاف کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس جب ہائیکورٹ میں لیکر جائیں گے توختم ہو جائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان چاہتے تھے کہ جلد از جلد فیصلہ سنایا جائے،تاکہ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کہ عمران خان نے جب جج کا فیصلہ سنا تو ہنس پڑے تھے، ہم نے اپنا سارا معاملہ اللّٰہ پر چھوڑا ہوا ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ  190 ملین پاؤنڈ تو حکومت کے پاس ہے،عمران خان کے پاس تو نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب اس بات پر متفق ہیں کہ موجودہ نظام کو اصلاحات کی سخت ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بانیٔ چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنایا گیا تھا۔

راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو 14 سال جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اس کے ساتھ ساتھ عمران خان کو 10 لاکھ روپے اور بشریٰ بی بی کو 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔

مزید برآں عدالت نے القادر یونیورسٹی کو سرکاری تحویل میں لینے کا حکم بھی صادر کیا تھا۔