ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے بتایا کہ دھند کے باعث موٹروے ایم-2 (لاہور سے ہرن مینار تک)، ایم-3 (لاہور سے درخانہ تک)، ایم-4 (پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک)، ایم-5 (ملتان سے روہڑی تک) اور لاہور-سیالکوٹ موٹروے ایم-11 کو بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے ڈرائیور حضرات لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہتر سفری حالات ہوتے ہیں۔
علاوہ ازیں ڈرائیور حضرات اپنی گاڑیوں میں دھند والی فوگ لائٹس کے استعمال کو بھی یقینی بنائیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور رفتار کو محدود رکھیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔
واضح رہے کہ سردیوں کے موسم میں دھند کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے شہریوں کو انتہائی احتیاط کے ساتھ سفر کرنے کی ضرورت ہے۔ دھند کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے حادثات سے بچا جا سکتا ہے اور محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔