190 ملین پاؤنڈ کیس: بشریٰ بی بی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ
Bushra Bibi wife of Founder PTI and Ex Prime Minister Imran khan
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی کی ٹیم بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو گرفتار کرنے کیلئے خیبرپختونخوا روانہ کر دی گئی ہے،جہاں انہیں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں جاری وارنٹس کی بنیاد پر گرفتار کیا جائے گا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی ایک ٹیم تین روز قبل بھی خیبرپختونخوا میں بشریٰ بی بی کی گرفتاری کیلئے کوششیں کر چکی ہے، تاہم یہ کارروائی ناکام رہی۔اب دوبارہ ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو بشریٰ بی بی کی گرفتاری کو یقینی بنانے کیلئے بھیجی گئی ہے۔

واضح رہے کہ نیب حکام نے خیبرپختونخوا کے اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ گرفتاری میں ٹیم سے مکمل تعاون کیا جائے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا پولیس کو بھی نیب ٹیم کے ساتھ معاونت فراہم کرنے کا کہا گیا ہے تاکہ کارروائی بلا رکاوٹ مکمل ہو سکے۔ 

خیال رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی پر الزامات ہیں کہ انہوں نے مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر فائدہ حاصل کیا۔یہ کیس اس وقت زیادہ توجہ کا مرکز بنا جب نیب نے سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر افراد کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔