سابق گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد کے بڑے بھائی انتقال کر گئے
File photo
لاہور: (سنو نیوز) سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے بڑے بھائی اسرار العباد دنیائے فانی سے کوچ کر گئے۔

سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے بھائی اسرار العباد کی عمر تقریباً 65 سال تھی، وہ طویل عرصے سے بیماری میں مبتلا تھے، وہ کراچی میں دورانِ علاج وفات پاگئے۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اپنے بڑے بھائی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرار بھائی کی بیماری نے ہماری فیملی پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں، اسرار کی زندگی کا بیشتر حصہ عوام کی خدمت میں گزرا اور وہ ایک باوقار شخصیت کے مالک تھے، اسرار العباد کی خدمات اور ان کی یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

اسرار العباد نے اپنے سیاسی کیریئر میں کافی ذمہ داریاں نبھائیں، وہ رکن قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں، انہوں نے اپنے حلقے کے عوام کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات بھی کیے، ان کی وفات پر سیاسی اور سماجی حلقوں میں گہرے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ اسرار العباد کے انتقال کی خبر نے ان کے چاہنے والوں کو بے حد متاثر کیا ہے، ان کی تدفین کے حوالے سے تاحال کوئی واضح اعلان نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب ڈاکٹر عشرت العباد اور ان کے خاندان کے لیے اس مشکل وقت میں دوستوں اور عزیزوں کی جانب سے اظہارِ تعزیت کیا جا رہا ہے۔