وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مذہب کو رسوا کرنے والے سب سے بڑے مجرم ہیں، اتحاد بین المسلمین کیلئے فعال کردار کی آج بہت ضرورت ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ دین کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لائیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھ پر 13 کروڑ عوام کی ذمہ داری ہے، سب مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں، آج کل کے حالات میں میرے لیے بطور وزیراعلیٰ باعث تشویش ہیں، اس کمیٹی کی جتنی ضرورت آج ہے شاید اس سے پہلے نہ تھی، جن خدشات کا اظہار آپ لوگوں نے کیا میرے بھی وہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کی کوشش ہے دین کا خوبصورت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں، سوات واقعہ سب کے لیے باعث تشویش ہے، نبی پاکﷺ کا احترام میرے خون میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2017 میں ہمیں نفرت انگیز مہم کا نشانہ بنایا گیا، سوات میں جو ہوا وہ سب کے لیے باعث فکر ہے، حقائق جانے بغیر کوئی گروہ قانون ہاتھ میں لے گا تو پھر کوئی نہیں بچے گا، الزامات کی سچائی کا تعین بھی ہونا چاہیے، میرا فرض انصاف کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزید کہا کہ میرے خلاف سوشل میڈیا پر فتوے جاری ہو رہے ہیں، کچھ بھی ہو اپنی عدالت لگانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، گلی محلے میں عدالت لگانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، مجرم کو پکڑ کر قانون کے حوالے کریں۔