انڈین اداکارہ کا نبی ﷺ سے والہانہ محبت کا اظہار
The expression of the Indian actress's love for the Prophet (PBUH)
ممبئی:(ویب ڈیسک)بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے اپنے شوہر فہد احمد پر تنقید کرنے والوں کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ محبت اور عزت دل سے ہوتی ہے، اس میں کسی کے مذہب یا قوم کی قید نہیں ہوتی۔
 
 سوارا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ پیغمبر اسلام ﷺ کی عزت دل میں ہونے کے لیے کسی مخصوص قوم میں پیدا ہونا ضروری نہیں۔
 
انتخابی مہم میں متحرک کردار:
 
سوارا بھاسکر نے اپنے شوہر فہد احمد کی مہاراشٹرا کے ریاستی اسمبلی انتخابات میں حمایت کے لیے بھرپور مہم چلائی۔
 
 انہوں نے ممبئی میں فہد احمد کے حلقے میں گھر گھر جا کر ملاقاتیں کیں اور عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ 
 
ان کی تقریریں نا صرف شوہر کی حمایت کے لیے تھیں بلکہ ان میں بھارتی معاشرے میں فرقہ واریت کے خلاف ایک مضبوط پیغام بھی شامل تھا۔
 
بی جے پی پر تنقید:
 
اپنی تقریر میں سوارا بھاسکر نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی نفرت اور تقسیم کے خلاف ہمیں متحد ہونا ہوگا۔
 
 انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور انسانیت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
 
تنقید کا سامنا اور مؤقف کی وضاحت:
 
سوارا بھاسکر کو اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ معروف عالم دین مولانا سجاد نعمانی سے ملاقات کی۔ 
 
ناقدین نے ان پر سوالات اٹھائے، لیکن اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں ان تمام اعتراضات کا دلیری سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کا عمل محبت، عزت، اور ہم آہنگی پر مبنی ہے، جو کسی ایک مذہب تک محدود نہیں۔
 
محبت اور مذہب کی کہانی:
 
یاد رہے کہ سوارا بھاسکر نے 2023 ء میں سماجی کارکن فہد احمد سے شادی کی تھی، اور ان کی ایک بیٹی ہے جس کا نام رابعہ ہے۔
 
 سوارا نے اپنی شادی اور خاندانی زندگی کو ہمیشہ انسانیت اور مذہبی ہم آہنگی کی مثال کے طور پر پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ تنقید سے گھبرانے کے بجائے سچائی اور محبت پر یقین رکھتی ہیں۔