عالمی مالیاتی ادارے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ساتھ جاری مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی۔ کاروباری ہفتے کے آغاز پر مارکیٹ منفی رجحان کے ساتھ کھلی اور کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس میں ابتدائی طور پر 1 ہزار 178 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تاہم کچھ ہی دیر بعد سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھنے سے صورتحال بدل گئی اور انڈیکس 1 ہزار 36 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 56 ہزار 894 کی سطح پر پہنچ گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران نے ہرمز کے راستے چین کو لاکھوں بیرل تیل پہنچایا
دوسری جانب آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ تیسرے جائز مذاکرات کے بعد اعلامیہ جاری کیا ہے، جس میں اصلاحات اور ماحولیات کے شعبے میں پاکستان کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے، ماہرین کے مطابق اس مثبت اشارے نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا، جس کے باعث مارکیٹ میں خریداری کا رجحان بڑھا ہے۔
ادھر مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں دباؤ دیکھا جا رہا ہے، آسٹریلیا کے اے ایس ایکس انڈیکس میں 1.56 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ جاپان کے نکئی انڈیکس میں بھی 1.6 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔
اسی طرح چین کے شنگھائی انڈیکس میں 0.64 فیصد کمی ہوئی جبکہ تھائی لینڈ کا ایس ای ٹی انڈیکس بھی معمولی گراوٹ کا شکار رہا، جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس اور بھارت کا بمبئی سینسیکس انڈیکس بھی مندی کی لپیٹ میں رہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی حالات کے باوجود اگر آئی ایم ایف مذاکرات میں پیشرفت جاری ہے تو مقامی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا رجحان مزید بہتر ہوسکتا ہے۔