آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ نرخوں کے مطابق بدھ کے روز مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونا 1,000 روپے کمی کے بعد434,762 روپے پرآگیا۔ اسی طرح10 گرام سونا 857 روپے کمی کے بعد372,738 روپے میں فروخت ہوا۔
یہ کمی منگل کے روز سونے کی قیمت میں تیزی کے بعد دیکھی گئی جب فی تولہ قیمت میں5,900 روپے کا اضافہ ہوا تھا اور قیمت435,762 روپے تک پہنچ گئی تھی۔ ماہرین کے مطابق حالیہ اتار چڑھاؤ مقامی طلب اور عالمی منڈی کے رجحانات دونوں سے متاثر ہو رہا ہے۔
عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں10 ڈالر فی اونس کمی دیکھی گئی اور یہ$4,124 فی اونس (20 ڈالر پریمیم سمیت) پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی اقتصادی عوامل، کرنسی کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کے رجحان نے سونے کی قیمتوں پر اثر ڈالا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فی تولہ سونا 5,900 روپے مہنگا ہو گیا
دوسری جانب پاکستان میں چاندی کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ فی تولہ چاندی81 روپے اضافے کے ساتھ 5,434 روپے ہو گئی۔ ماہرین کے مطابق چاندی کی مانگ میں استحکام برقرار ہے جو صنعتی اور زیورات کی تیاری میں استعمال کی وجہ سے ہے۔
تاجروں اور سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں پر گہری نظر رکھیں کیونکہ سونا اور چاندی دونوں کی قیمتوں میں غیر یقینی اتار چڑھاؤ جاری ہے۔