ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ مطابق ایک ہفتے کے دوران سرگودھا میں چینی کی فی کلو قیمت میں 23 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کراچی اور حیدرآباد میں ایک کلو چینی کے نرخوں میں 5 روپے تک کا اضافہ ہو گیا جس کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں ایک کلو چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 220 روپے تک جا پہنچی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی، کراچی اور سرگودھا میں فی کلو چینی 200 روپے تک فروخت کی جارہی ہے جبکہ حیدرآباد میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 190 روپے سے بڑھ کر 195 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں چینی عام مارکیٹوں میں دستیاب تو ہے لیکن قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے، مارکیٹ ذرائع کا بتانا ہے کہ لاہور میں فی کلو چینی 200 سے 220 روپے میں بیچی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تاریخ کی چوتھی بڑی تیزی
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 12 پیسے کی کمی دیکھی گئی جس سے ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 188 روپے 69 پیسے پر آگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 188 روپے 81 پیسے تھی جبکہ گزشتہ برس اسی عرصہ کے دوران ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 132 روپے 47 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔