کرنسی نوٹ پر املاءکی غلطیاں جلد از جلد ٹھیک کرنے کا حکم
Image
اسلام آباد:(ویب ڈیسک )کرنسی نوٹ پر املا کی 6 غلطیوں کی نشاندہی پروفاقی محتسب نے 60 دنوں میں اسٹیٹ بینک کو غلطی درست کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق خانیوال سے تعلق رکھنے والے محقق اور ادیب شہزاد فیضی نے وفاقی محتسب کو پاکستان کے کرنسی نوٹوں پر املاء اور گرامر کی چھ غلطیوں کی نشاندہی کی۔شہزاد فیضی کی شکایت پر وفاقی محتسب نے سماعت کی۔
 
دوران سماعت  اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نمائندوں کی جانب سے ان غلطیوں کا اعتراف کیا گیا جس پر وفاقی محتسب کی جانب سے اسٹیٹ بینک کو حکم دیا گیا کہ 60 روز میں ان غلطیوں کو درست کیا جائے۔
 
اس حوالے سے محقق، ادیب اور ماہر لسانیات شہزاد فیضی کا کہنا تھا کہ علم کے پھیلائواور اگلی نسلوں تک منتقل کرنے کیلئے لفظ بنیادی کردار ادا کرتا ہے، یہ طے شدہ اصول ہے کہ لکھے گئے لفظ کی عمر بولے گئے لفظ کی عمر سے زیادہ ہوتی ہے خواہ وہ لفظ لکھا گیا ہو یا بولا گیا ہو۔
 
انہوں نے کہا کہ کرنسی نوٹ ہمارے ملک کی شناخت ہیں، ہماری پہچان کا زریعہ ہیں، ان کرنسی نوٹوں پر جب میں نے غور کیا تو معلوم ہوا کہ یہ صرف چار مختصر سطریں ہیں اور ان چار سطروں میں بیس لفظ ہیں جن میں چھ غلطیاں ہیں، تو مجھے خیال آیا کہ ان غلطیوں کو ٹھیک ہونا چاہئیے۔
 
اس سے قبل سوشل میڈیا پر بھی اس طرح کی خبریں دیکھنے اور سننے کو مل رہی تھیں،متعدد افراد کی جانب سے ان غلطیوں کو نشاندہی کی جارہی تھی تاہم لوگ انہیں سنجیدہ نہیں لے رہے تھے ۔