29 November 2023

Homeانٹرٹینمنٹکینیڈین شاعرہ کا وائٹ ہاؤس کی تقریب میں شرکت سے انکار

کینیڈین شاعرہ کا وائٹ ہاؤس کی تقریب میں شرکت سے انکار

کینیڈین شاعرہ روپی کور نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی دیوالی کی تقریب میں شرکت کی دعوت مسترد کر دی /فائل فوٹو

کینیڈین شاعرہ کا وائٹ ہاؤس کی تقریب میں شرکت سے انکار

ٹورنٹو: (سنو نیوز) کینیڈین شاعرہ روپی کور نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی دیوالی کی تقریب میں شرکت کی دعوت مسترد کر دی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق کینیڈین شاعرہ نے اسرائیل کے غزہ پر حملوں کے دوران بائیڈن انتظامیہ کے ردعمل کو دیکھتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اور دعوت نامہ مسترد کیا۔


روپی کور نے انسٹاگرام پر لکھا کہ وہ کسی ایسے دعوت نامے کو قبول نہیں کریں گی جو ادارہ عام شہریوں کو اجتماعی سزا دینے کی حمایت کرتا ہو۔


انڈین نژاد کینیڈین شاعرہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ بائیڈن انتظامیہ نہ صرف غزہ میں بمباری کے لیے فنڈنگ کرتی ہے بلکہ فلسطینیوں کی نسل کشی کی توجیہہ بھی مسلسل پیش کر رہی ہے اور یہ چاہتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ مل کر دیوالی منائیں۔


انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف حالیہ مظالم اس نظریے کے مکمل خلاف ہیں جس کے لیے ہم یہ تہوار مناتے ہیں، حیرت ہوئی ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کو ایسے حالات میں دیوالی منانا قابلِ قبول نظر آتا ہے۔


روپی کور کے مطابق یہ باطل کے خلاف حق اور جہالت کے خلاف علم کی خوشی ہے۔ انہوں نے دیگر جنوبی ایشیائی شخصیات سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بائیڈن انتظامیہ کو اُن کے اقدامات کے لیے جوابدہ ٹھہرائیں۔


روپی کور نے اقوام متحدہ کی جانب سے غزہ میں سیزفائر کی حمایت سے انکار کرنے پر صدر بائیڈن کی مذمت کی۔ انہوں نے لکھا کہ بطور سکھ خاتون میں یہ قبول نہیں کروں گا کہ بائیڈن انتظامیہ کے اقدامات کی اثرات کو کم کرنے کے لیے میری حمایت کو استعمال کیا جائے۔


یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس میں دیوالی کے تہوار کی تقریب بدھ کو منعقد ہونی ہے اور یہ نائب صدر کمالا ہیرس کی میزبانی میں ہوگی جنہوں نے تاحال روپی کور کے بیان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔


واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں سات اکتوبر سے اب تک دس ہزار 300 سے زائد شہری مارے جا چکے ہیں۔ مارے جانے والے فلسطینیوں میں 1400 بچے بھی شامل ہیں۔


امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطے میں اُن کو اپنی حمایت کا ایک بار پھر یقین دہانی کرائی تھی۔ بائیڈن انتظامیہ کانگریس سے اسرائیل کے لیے 14 ارب ڈالر کی منظوری لینے کے لیے لابنگ کر رہی ہے۔

Share With:
Rate This Article